سازشی تھیوری اور تعمیری کام - ابو یحییٰ

سازشی تھیوری اور تعمیری کام

 ہمارے ہاں لکھاریوں اور مقرروں کی ایک پوری فوج موجود ہے جو دن رات مسلمانوں اور پاکستانیوں کے خلاف سازشیں تلاش کرتی رہتی ہے۔ قرآن و حدیث سے لے کریہودو نصاریٰ کی لکھی ہوئی کتابوں کو اس نقطہ نظر کی تائید میں پیش کیا جاتا ہے۔ ایسے ایسے نکات اور نظریات پیش کیے جاتے ہیں کہ بلاشبہ ایسے لوگوں کی ذہانت، محنت اور نکتہ آفرینی کو داد دینے کو دل چاہتا ہے۔

تاہم یہ ایک حقیقت ہے کہ خدا کی دنیا اس اصول پر بنائی گئی ہے کہ یہاں آپ کو کسی کی سازش تباہ نہیں کرسکتی۔ یہاں آپ کو آپ کی کمزوریاں لے ڈوبتی ہیں۔ سازشیں اگر ہوں بھی تو کمزور کو نقصان پہنچاتی ہیں، طاقتور کا یہ کچھ نہیں بگاڑ پاتیں۔

اس دنیا میں ہر انسان اور ہر گروہ اپنے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ اکثر لوگ اس مقصد کے لیے ہر جائز و ناجائز راستہ استعمال کر لیتے ہیں۔ یہیں سے سازشوں کا آغاز ہوتا ہے۔ جب تک خدا کی دنیا باقی ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ایسے میں اصل کام یہ نہیں ہے کہ سازشیں ڈھونڈ کر ان کو بے نقاب کیا جائے۔ اصل کام یہ ہے کہ قوم کی تعمیر کی جائے۔ اس کو اتنا مضبوط بنا دیا جائے کہ کسی قسم کی سازش کبھی کامیاب نہ ہو سکے۔

سازشیں دریافت کرنے کی سوچ انسان کو منفی بناتی ہے۔ ایسا شخص ہمیشہ منفی باتیں کرتا رہتا ہے۔ ان باتوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ جبکہ تعمیر کی سوچ رکھنے والا شخص ہمیشہ خیر پھیلاتا ہے۔ وہ ہر لمحہ اپنی یا اپنے اردگرد موجود کسی شخص کی دنیا اور آخرت کی بھلائی کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ یہ گویا فرد اور سماج دونوں کو طاقتور بنانے کا عمل ہے۔ یہ مثبت سوچ آہستہ آہستہ آگے بڑھتی ہے۔ یہاں تک کہ قوم اتنی مضبوط ہوجاتی ہے کہ کوئی سازش اس کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

بشکریہ ماہنامہ انذار، تحریر/اشاعت مارچ 2017
’’انذار مارچ 2017‘‘ پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
مصنف : ابو یحییٰ
Uploaded on : Mar 22, 2017
1752 View