تعلیم اور آخرت، قرآن فہمی - ابو یحییٰ

تعلیم اور آخرت، قرآن فہمی

 سوال:

محترم ابویحییٰ صاحب

السلام علیکم

امید کرتا ہوں کہ آپ اللہ کے فضل سے ٹھیک ہوں گے ۔ میں نے آپ کی کچھ کتابیں، جب زندگی شروع ہو گی سیریز اور تیسری روشنی پڑھی ہیں ۔ بہت اچھی تھیں ۔ بہت کچھ سیکھا۔

سر میں نمل کالج میں الیکٹریکل انجینئرنگ کا طالب علم ہوں اورآپ سے کچھ سوالات ہیں ۔

۱۔ بعض اوقات میں اپنی پڑھائی پر توجہ نہیں دے پاتا کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ میں اپنا بہت سا وقت اس پڑھائی میں لگا رہا ہوں جس کا مجھے آخرت میں کچھ فائدہ نہیں۔ برائے کرم اس معاملے میں کچھ رہنمائی فرمائیے ۔

۲۔ میں قرآن پاک کو گہرائی میں جا کر سمجھناچاہتا ہوں۔ لیکن عربی کا کچھ زیادہ علم نہیں ہے۔ برائے کرم کچھ اہم چیزوں کی طرف رہنمائی فرما دیجیے جو قرآن فہمی کے دوران پیش نظر رہنی چاہئیں۔ اور قرآن پاک کو بہتر سمجھنے کے لیے مجھے کیا کرنا چاہیے ۔ محمد یوسف

جواب:

عزیز بھائی محمد یوسف

السلام علیکم

آپ کا ای میل پڑھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اللہ آپ کو دین و دنیا کی ترقی عطا فرمائے۔ آپ کے سوالات کے جواب درج ذیل ہیں ۔

۱۔ یہ تصور کہ دنیا کی تعلیم حاصل کر کے آخرت کا کوئی فائدہ نہیں ، ایک ایسا تصور ہے جس کا ہمارے دین سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہمارے دین کی تعلیم یہ ہے کہ تمھارا امتحان اسی دنیا میں لیا جائے گا نہ کہ ترک دنیا کی صورت میں ۔ سو آپ کو تعلیم بھی حاصل کرنی ہے، شادی کرنی ہے گھر بسانا ہے ملازمت کرنی ہے اور تمام ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ اللہ کو یاد رکھنا ہے۔ ہرمعاملے میں اللہ کے احکام کو جاننا ہے اور اس کی مرضی کے مطابق چلنا ہے۔ سارا اجر اسی چیز کا ہے۔

۲۔ دوسرے سوال کے جواب میں عرض یہ ہے کہ پہلے مرحلے پر قرآن مجید کا اصل پیغام سمجھنے کی کوشش کیجیے یعنی یہ بات کہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت کیا ہے اور وہ ہم سے کیا چاہتے ہیں نیز جنت اور آخرت کی کامیابی کن چیزوں پر موقوف ہے۔ خوش قسمتی سے اللہ تعالیٰ نے اس فقیر سے یہ کام بھی لے رکھا ہے۔ میری کتاب قرآن کا مطلوب انسان میں قرآن و حدیث کے حوالے سے یہ ساری تفصیل موجود ہے ۔ اس کو میں نے ایک کورس کی شکل میں پڑھا بھی دیا ہے جو آپ انذار کی ویب سائٹ www.inzaar.org پر سن سکتے ہیں ۔

اسے سنیے اس کے بعد پھر اسی سائٹ پر میرا خلاصہ قرآن کا پورا درس قرآن موجود ہے جو علمی طور پر بھی قرآن کا پیغام واضح کر دے گا۔ یہ سب سن لیں اس کے بعد اردو کی تین چار اہم تفاسیر کا مطالعہ کر لیں تو قرآن کی گہری سمجھ پیدا ہوجائے گی۔ ان میں اصلاحی کی تدبر قرآن، مولانا مودودی کی تفہیم القرآن اور مفتی شفیع کی معارف القرآن شامل ہیں۔ اس طرح آپ عربی سیکھے بغیر قرآن کو سمجھ لیں گے ۔

-----------------------------

 

 ‎بشکریہ ماہنامہ انذار
تحریر/اشاعت اگست 2016
’’انذار اگست 2016‘‘ پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
مصنف : ابو یحییٰ
Uploaded on : Sep 09, 2016
3046 View