عامربن ربیعہ رضی ﷲ عنہ - ڈاکٹر وسیم مفتی

عامربن ربیعہ رضی ﷲ عنہ

عامرؓ بن ربیعہ کے نسب میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ علمائے علم نسب کی اکثریت کا کہنا ہے کہ وہ عنز بن وائل کی اولاد میں سے تھے،اس لیے عنزی کہلاتے تھے۔بکر بن وائل اور تغلب بن وائل کے بھائی عنز بن وائل عامرؓ کے دسویں جد تھے۔ کچھ لوگ ان کا نسب یمن کے قبیلہ بنو مذحج سے جوڑتے ہیں۔ عنزہ بن اسد بن ربیعہ بھی ان کی نسبت بیان کی گئی ہے تاہم طبری نے اس کا رد کیا ہے۔عامرؓ کے دادا کا نام کعب بن مالک تھا۔سلسلۂ نسب کی دو شاذروایتوں کے مطابق ان کے دادا کا نام مالک بن عامریا عامر بن مالک تھا۔ نسابین کا اس بات پراتفاق ہے کہ وہ بنوعدی کے عبدالعزی کے بیٹے اور حضرت عمرؓ کے والد خطاب بن نفیل کے معاہد و حلیف تھے اس لیے ان کوعدوی بھی کہا جاتا تھا۔ خطاب نے عامرؓ کو منہ بولا بیٹا بنا رکھا تھا چنانچہ انہیں عامرؓ بن خطاب کے نام سے پکارا جاتاتھا۔ سورۂ احزاب میں اﷲ کا یہ فرمان نازل ہوا ’’ادعوہم لآباۂم ہو اقسط عنداﷲ وان لم تعلموا آباۂم فاخوانکم و موالیکم فی الدین۔ لے پالکوں کو ان کے باپوں کے نام سے پکارو،یہی اﷲ کے ہاں زیادہ قرین انصاف ہے۔اور اگر تمہیں ان کے آبا کا علم ہی نہ ہو تو تمہارے دینی بھائی اور تعلق دار ہیں۔ (آیت :۶) تو انہیں ان کے اصل نام عامرؓ بن ربیعہ سے پکارا جانے لگا۔
ابو عبداﷲؓ عامرؓ کی کنیت تھی۔
عامرؓ بن ربیعہ کا شمار السابقون الاولون میں ہوتا ہے۔وہ اسلام کی حقانیت پر ایمان لانے والے اٹھائیسیوں فرد تھے،رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ابھی دار ارقمؓ میں تشریف نہ لائے تھے۔ عامرؓ نے زمانۂ جاہلیت کے موحد زید بن عمرو بن نفیل سے نبئ موعود صلی اﷲ علیہ وسلم کے حالات اور ان کی نشانیاں سن رکھی تھیں ،یہی وجہ ہے کہ انہیں اسلام کی طرف سبقت کرنے میں کوئی تامل نہ ہوا۔زید نے کہاتھا، میں اسماعیل علیہ السلام کی اولاد، بنو عبدالمطلب میں ایک نبی ؐ کی آمد کا انتظار کر رہا ہوں۔اگر تمہیں زندگی نے مہلت دی اور انہیں دیکھنے کا اتفاق ہوا تو میرا سلام کہہ دینا۔چنانچہ عامرؓ مسلمان ہوئے تو آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کو زید کا سلام پہنچایا ۔آپؐ نے سلام کا جواب دیا ،زید کے لیے دعا ئے رحمت کی اور فرمایا،میں انہیں جنت میں ناز و انداز کے ساتھ چلتے پھرتے دیکھ رہا ہوں۔
۵نبویؐ میں قریش کے مظالم سے پسے ہوئے اہل ایمان سے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا،’’کاش تم سرزمین حبشہ کی طرف ہجرت کرجاتے اوروہاں اس وقت تک قیام کرتے جب تک اﷲکشادگی کی راہ نہ نکال دیتا۔حبشہ امن اور سچائی کی سرزمین ہے،وہاں ایسا بادشاہ حکم ران ہے جس کے ہاں کسی پر ظلم نہیں ہوتا۔‘‘چنانچہ رجب۵ نبوی میں اہل ایمان کا پہلا قافلہ عثمانؓ بن مظعون کی قیادت میں سوئے حبشہ عازم ہجرت ہوا۔عثمانؓ بن عفان،ان کی اہلیہ رقیہؓبنت رسول اﷲؐ، ابوحذیفہؓ بن عتبہ، ان کی بیوی سہلہؓ بنت سہیل، زبیرؓبن عوام، مصعبؓبن عمیر،عبدالرحمانؓ بن عوف،ابوسلمہؓ،ان کی زوجہ ام سلمہؓ،عثمانؓ بن مظعون، عامرؓ بن ربیعہ،ان کی بیوی لیلیؓبنت ابو حثمہ(شاذ روایات:خیثمہ یا حذافہ)، ابوسبرہؓبن ابو ہاشم، حاطبؓبن عمرو، سُہیلؓ بن بیضا اور عبداﷲؓ بن مسعود اس قافلۂ اولین میں شامل تھے۔ ابن اسحاق نے دس اور ابن خلدون نے گیارہ کا عدد بیان کیا ہے تاہم طبری اور ابن ہشام نے چودہ صحابہؓ شمار کیے ہیں جو نصف دینار کرایہ ادا کر کے ایک یا دو کشتیوں پر حبشہ گئے۔ مندرجہ بالا فہرست میں ہم نے مختلف روایتوں کو جمع کر کے سولہ صحابہؓ کے نام تحریر کیے ہیں۔ قریش نے مہاجرین کا پیچھا کیا لیکن وہ ان کے ہاتھ نہ آ سکے۔چند ماہ کے بعد جعفرؓ بن ابو طالب کی قیادت میں سڑسٹھ اہل ایمان کا دوسرا گروپ حبشہ روانہ ہوا ،اس طرح ہجرت اولیٰ مکمل ہوئی اور کل تراسی اصحابؓ(بشمولیت عمارؓ بن یاسرؓجن کا حبشہ جانا ثابت نہیں)حبشہ پہنچ گئے۔ کچھ عرصہ کے بعد تمام اہل مکہ کے ایمان لانے کی افواہ حبشہ پہنچی تو صحابہؓ کی ایک تعداد نے مکہ واپسی کا قصد کیا، عامرؓ بن ربیعہ ان میں سے ایک تھے۔مکہ کے قریب پہنچنے پر معلوم ہوا کہ جوخبر انہیں سنائی گئی تھی جھوٹ تھی۔ تب کل تینتیس اصحابؓ چوری چھپے یا کسی مشرک کی پناہ لے کر مکہ میں مقیم ہو گئے۔ان کی اکثریت نے یہیں سے مدینہ کو ہجرت کی تاہم کچھ افراد کو مشرکوں نے قید کر لیا ۔عامرؓ بن ربیعہ بھی مکہ میں داخل ہو گئے لیکن کسی کی پناہ نہ لی ۔
عامرؓ بن ربیعہ کی اہلیہ لیلیٰؓ بیان کرتی ہیں ،اسلام قبول کرنے کے بعد ہمارے حلیف عمر بن خطاب نے ہم پر بہت سختی کی۔میں حبشہ جانے کے لیے اونٹ پر سوار تھی،عامرؓ کسی کام سے نکلے تھے کہ عمرآگئے اور مجھ سے پوچھا ، ام عبداﷲؓ! کہاں جا رہی ہو؟میں نے جواب دیا،تم لوگوں نے ہمیں دین میں بہت ایذائیں دی ہیں، ہم اﷲ کی اس سرزمین میں جا رہے ہیں جہاں اس کی بندگی کرنے پر ہمیں ایذا نہ پہنچائی جائے گی ۔مجھے عمر کے لہجے میں نرمی نظر آئی، انہوں نے کہا،’’اﷲ تمہارے ساتھ رہے‘‘ اور وہاں سے چل دیے ۔عامرؓ آئے تو میں نے کہا، آپ نے عمر کی غیر معمولی نرمی تو دیکھی ہوتی۔انہوں نے پوچھا،تمہیں توقع ہے کہ وہ اسلام قبول کر لیں گے؟میں نے کہا، ہاں۔عمر کی درشتی سے نالاں عامرؓ نے کہا،واﷲ! جب تک خطاب کا گدھا ایمان نہ لائے ،وہ مسلمان نہ ہوں گے۔
بعثت محمدیؐ کے دسویں سال ،حج کے موقع پرمدینۂ یثرب کے باسی اﷲ کی توفیق سے اسلام کی طرف راغب ہوئے۔ ابوسلمہؓ اسی وقت مدینہ منتقل ہو گئے اور پہلے مہاجرہونے کا شرف حاصل کیا۔۱۱نبویؐ میں بیعت عقبۂ اولیٰ کے بعدآنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے اہل ایمان کو مدینہ ہجرت کرنے کا اذن عام دے دیا، تب عامرؓ بن ربیعہ، ان کی اہلیہ لیلیٰؓ، عبداﷲؓ بن جحش،ان کی اہلیہ اور بھائی ابو احمد عبدؓبن جحش دار ہجرت پہنچے۔خود ان سے روایت ہے ،مجھ سے پہلے صرف ابو سلمہؓ بن عبدالاسد ہی مدینہ آئے تھے البتہ عامرؓ کی اہلیہ لیلیٰؓ بنت ابوحثمہ مدینہ پہنچنے والی پہلی خاتون تھیں۔عامرؓ ،ابوسلمہؓاور بنوجحشؓ(جحش کا کنبہ)مدینہ کے مضافات قبا میں بنو عمرو بن عوف کے محلہ میں مبشرؓ بن عبدالمنذر کے ہاں مقیم ہوئے۔مصعبؓ بن عمیر،عثمانؓ بن مظعون، ابوحذیفہؓ بن عتبہ اور عمارؓ بن یاسرؓبھی اسی زمانے میں وہاں منتقل ہوئے۔
رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے یزید بن منذر انصاری(عبادہؓ:ابن جوزی) سے عامرؓ بن ربیعہ کی مواخات قائم فرمائی۔
۲ھ ؁ ،جمادی الثانی یا رجب کے مہینے میں نبی صلی اﷲ علیہ وسلم نے قریش کی سرگرمیوں کی خبر لینے کے لیے عبداﷲؓ بن جحش کی سربراہی میں نو(واقدی کے مطابق بارہ) مہاجرین کا ایک سریہ روانہ کیا۔ عبداﷲؓ کے علاوہ ابوحذیفہؓ بن عتبہ، عکاشہؓ بن محصن،عتبہؓ بن غزوان، سعدؓ بن ابی وقاص ،عامرؓ بن ربیعہ ، واقدؓ بن عبداﷲ،خالدؓ بن بکیر اور سہیلؓ بن بیضا اس میں شامل تھے ۔یہ چھ اونٹوں پر سوار تھے۔آپؐ نے عبداﷲؓ کو ایک خط دے کر فرمایا، مدینہ سے مکہ کی جانب دو دن کا سفر (اٹھائیس میل کی مسافت )طے کر لینے کے بعد وادئ ملل پہنچ کر اسے پڑھنا ۔ آپؐ کی ہدایت کے مطابق انہوں نے خط کھولا تو لکھاپایا، ’’مکہ اور طائف کے بیچ واقع مقام نخلہ کی طرف سفر جاری رکھو،وہاں پہنچ کرقریش کی نگرانی کرو اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کرو ۔‘‘ عبداﷲؓ نے فرمان نبویؐ پرسمع و طاعت کہا اور ساتھیوں کو بتایا، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ کسی کوزبردستی آگے لے جاؤں۔ جو شہادت چاہتا ہے ، چلے ۔سب چل پڑے ، کوئی پیچھے نہ رہا۔ دستہ بحران کے مقام پرپہنچا تو عتبہؓ بن غزوان اور سعدؓکا مشترکہ اونٹ کھو گیا۔دو نوں اسے تلاش کرنے لگ گئے،ابن جحشؓ باقی ساتھیوں کو لے کر چلتے رہے اور نخلہ پہنچ گئے۔ کشمش، کھالیں اور دوسرا سامان تجارت لے کر چار افراد پر مشتمل قریش کا قافلہ گزرا۔ عکاشہؓ نے سر منڈا یا نہ ہوتاتو اہل قافلہ انہیں دیکھ کر خوف زدہ ہو جاتے ،وہ مغالطہ میں رہے کہ مسلمان عمرہ کے لیے جا رہے ہیں۔ مسلمانوں نے آپس میں مشورہ کیا، اگر قافلے والوں کوآج کی رات چھوڑ دیا تو یہ حدودحرم میں داخل ہو کر مامون ہو جائیں گے اور اگر قتال کیا تو یہ حرام مہینے میں ہوگا۔کچھ پس وپیش کے بعد انہوں نے حملے کا فیصلہ کیا۔مشرک کھانا پکانے میں مصروف تھے،واقدؓ بن عبداﷲ نے تیر مار کر قافلے کے سردار عمرو بن حضرمی کو قتل کر دیااور عثمان بن عبداﷲ اور حکم بن کیسان کو قید کر لیا۔ نوفل بن عبداﷲ فرار ہو گیا ۔ہجرت مدینہ کے بعد یہ ساتویں مہم اور پہلا سریہ تھا جس میں کامیابی ملی،عمرو عہد اسلامی کا پہلا قتیل اورعثمان اور حکم پہلے اسیر تھے۔عبداﷲؓ بن جحشؓ نے تاریخ اسلامی میں حاصل ہونے والے پہلے مال غنیمت کی اپنے طور پر تقسیم کر کے ۵؍۱ حصہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے لیے رکھ لیا حالانکہ خمس کا حکم نازل نہ ہوا تھا ۔سرےۂ عبداﷲؓ بن جحش جنگ بدر کے وقوع کا سبب بنا کیونکہ اس سے قریش کی معیشت کو سخت دھچکا لگا۔ ان کی تمام تر خوش حالی شام سے تجارت پر موقوف تھی، حبشہ اور یمن سے تجارت کا اتنا حجم نہ تھا کہ وہ اس پر انحصار کر لیتے۔ اس مہم کا دوسرا فائدہ یہ ہوا کہ قریش پر مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی عسکری قوت کا رعب بیٹھ گیا۔
عامرؓ نے جنگ بدر ،جنگ احد ،جنگ احداور تمام غزوا ت میں حصہ لیا۔
عامرؓ بن ربیعہ بیان کرتے ہیں،رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ایک سریہ میں عمروؓ بن سراقہ کو ہمارے ساتھ بھیجا۔وہ دبلے اور طویل القامت تھے۔بھوک سے ان کی کمر دہری ہونے لگی تو ہم نے ایک پتھر ان کے پیٹ پر باندھ دیا ۔مزید ایک دن کے سفر کے بعد کھانا ملاتو عمروؓ بولے،میں سمجھتا تھا، دو پاؤں پیٹ کو سہار سکتے ہیں کیونکہ پیٹ بھی تو دوٹانگوں کا بوجھ اٹھا لیتا ہے۔
عامرؓ بن ربیعہ بتاتے ہیں، ایک سیاہ اندھیری رات میں ہم نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ سفرکیا۔ہمیں معلوم نہیں تھا کہ قبلہ کس طرف ہے۔ ہر شخص نے اپنے اندازے سے قبلے کا رخ متعین کیااور نمازپڑھ لی۔صبح ہوئی توہم نے یہ معاملہ آپؐ کے گوش گزار کیاتب اﷲ کا فرمان نازل ہوا،وﷲ المشرق والمغرب فاینما تولوا فثم وجہ اﷲ۔اﷲ ہی کے ہیں مشرق و مغرب،تم جس طرف بھی منہ کرو اﷲ کا رخ ہو گا۔(سورۂ بقرہ:۱۱۵) (ترمذی:۳۴۵)ترمذی نے یہ روایت بیان کر کے خود ہی اس کے راوی اشعث بن سعید کو ضعیف قرار دیاہے۔ابن ماجہ کی روایت مختلف ہے، عامرؓ بن ربیعہ کہتے ہیں، ایک سفر میں ہم رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ تھے کہ آسمان ابر آلود گیا اور ہمارے لیے قبلے کا تعین کرنا مشکل ہو گیا۔ہم نے نمازپڑھ لی اور اپنے رخ کو نشان زد کر لیا۔بادل چھٹ کر سورج نکلا تو ہمیں معلو م ہواکہ ہمارا رخ قبلے کی طرف نہ تھا۔ہم نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم سے عرض کیا تو اﷲ کا فرمان نازل ہوا،وﷲ المشرق والمغرب فاینما تولوا فثم وجہ اﷲ۔(ابن ماجہ:۱۰۲۰)’سنن ابن ماجہ‘ کے محشّی محمود نصار نے اس حدیث کو حسن قرار دیا ہے۔
غزوۂ ذات سلاسل فتح مکہ سے پہلے ہوا۔۸ھ ؁ میں آنحضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے عمروؓ بن عاص کی قیادت میں ایک فوج شام کی سرحد پر آباد قبیلے بنو بلی کی طرف بھیجی۔ دشمن کی تعداد زیادہ تھی اس لیے عمروؓ نے کمک مانگی۔آپؐ نے ابوعبیدہؓ بن جراح کی سربراہی میں ایک دستہ روانہ کیا،ابوبکرؓ و عمرؓ بھی اس میں شامل تھے۔پانسو سپاہیوں پر مشتمل اس مشترکہ فوج نے عمروؓ بن عاص کی کمان میں پورے علاقے میں گشت کیا تو دشمن کی فوج بکھر گئی۔آخرکارسرحد کے قریب بنو بلی،بنوعذرہ اور بلقین (بنو قین)کی سپاہ سے ان کا سامنا ہوا۔ گھنٹا بھر کی جنگ میں خوب تیراندازی ہوئی،اس کے بعددشمن کو شکست ہوئی ۔ایک تیر جیش اسلامی میں شامل عامرؓ بن ربیعہ کے بازو پر لگااو روہ زخمی ہو گئے۔
ایک دفعہ عامرؓبن ربیعہ کا گزر دوسرے صحابی سہلؓ بن حنیف پر ہوا۔انہیں نہاتا دیکھ کر عامرؓ پکارے، میں نے کسی کنواری لڑکی کی بھی جلدایسی نہیں دیکھی جیسی آج تمہاری دیکھ لی ہے۔کچھ دیر گزری تھی کہ سہلؓ کو دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔انہیں فوراًنبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے پاس لے جایا گیا کہ سہلؓ کو دیکھیں،وہ گرے پڑے ہیں۔کیا تم سہلؓ کو نظر لگانے کا الزام کسی کو دیتے ہو؟آپؐ نے دریافت فرمایا۔لوگوں نے عامرؓ بن ربیعہ کا نام لیا۔آپؐ نے(غصے سے ) فرمایا،تم میں سے کوئی اپنے بھائی کو نظر لگا کر کیوں مارتا ہے، اگر اس کی کوئی شے بھلی لگتی ہے تواس میں برکت کی دعا کرے۔پھر آپؐ نے پانی منگوا کر عامرؓ کو اس سے وضو کرنے کوکہا۔انہوں نے شرم گاہ دھوئی،منہ ،کلائیوں تک ہاتھ اور گھٹنوں تک پاؤں دھوئے۔آپؐ نے بقیہ پانی سہلؓ پر ڈالنے کا حکم دیا۔ (ابن ماجہ:۳۵۰۹)یہی واقعہ امام مالک نے اپنی موطأ میں دو روایات میں بیان کیا ہے ۔روایت ۱۶۹۰ چند الفاظ کی کمی بیشی کے ساتھ ’سنن ابن ماجہ ‘کی روایت سے ملتی جلتی ہے۔البتہ ’کتاب الجامع ‘(کتاب العین)میں درج یہ روایت مختلف متن رکھتی ہے۔سہلؓ بن حنیف کے بیٹے ابوامامہؓ بیان کرتے ہیں،میرے والد سہلؓمدینہ کے چشمہ خرارپر نہائے ۔انہوں نے اپنا جبہ اتارا ہی تھا کہ( وہاں پر موجود) عامرؓ بن ربیعہ ان کے گورے چٹے خوب صورت جسم کو دیکھ کر بولے، میں نے آج جیسا منظر نہیں دیکھا۔کنواری دوشیزہ کی جلد بھی اتنی نازک نہ ہو گی۔سہلؓ اسی وقت تکلیف(یا بخار) سے گرپڑے، ان کا الم (یا بخار)شدت پکڑ گیا تو رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو بتایا گیا۔آپؐ وہاں پہنچے تو سہلؓنے عامرؓ کی کہی بات سنائی۔فرمایا،تم میں سے کوئی اپنے بھائی کو کیوں ہلاک کرتا ہے؟اس کے لیے خیرو برکت کی دعا کیوں نہیں کرتا؟نظر لگنا حق ہے،سہلؓ کے لیے وضو کرو۔عامرؓ بن ربیعہ نے وضو کیا تو سہلؓ بن حنیف بھلے چنگے ہو کر رسول اکرمؐ کے ساتھ چلے گئے ، انہیں کوئی تکلیف نہ رہی تھی۔( موطا امام مالک: ۱۶۸۹،مسند احمد:۱۵۹۲۲)مسند احمد کی روایت۱۵۶۴۰اس طرح ہے،عامرؓ اور سہلؓدونوں نہانے کے لیے نکلے۔عامرؓ خود کہتے ہیں،میں نے سہلؓ کو نظر لگا دی تو وہ دھڑام سے پانی میں گرے۔انہوں نے میری پکار کا کوئی جواب نہ دیاتو میں نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کو بلا لایا۔آپؐ نے سہلؓ کا سینہ ٹھونکا اور دعا فرمائی ،اے اﷲ!سہلؓ سے نظر کی گرمی،سردی اور بیماری دور کر دے۔
آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے،’’نظر لگنا حق ہے۔‘‘ (بخاری: ۵۷۴۰)یعنی یہ ایک ثابت شدہ امر ہے۔ مسند احمد کی روایت میں تصریح ہے،شیطان نظر کے ذریعے آتا ہے اور اسی سے ابن آدم کاحسد ظاہر ہوتا ہے(مسند احمد:۹۶۳۱) صحیح مسلم کی روایت میں اضافہ ہے، ’’اگر کوئی شے تقدیر کو پیچھے چھوڑ نے والی ہوتی تو نظر ہوتی۔‘‘ (رقم ۵۷۵۳) ام المومنین ام سلمہؓروایت کرتی ہیں،نبی صلی اﷲ علیہ وسلم نے میرے گھر میں ایک باندی دیکھی جس کے منہ پر چھائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا ، اسے دم کراؤ ، اسے نظرلگ گئی ہے۔(بخاری:۵۷۳۹)اس کے برعکس مضمون پر مشتمل ’صحیح بخاری‘ ہی کی روایت ہے،نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا، میں نے خواب میں ایک بڑا گروہ دیکھا جو افق پر چھا گیا ۔مجھے بتایا گیا کہ یہ آپؐ کی امت ہے ،ان میں ستر ہزار افراد ایسے ہیں جو بغیر حساب کتاب کے جنت میں جائیں گے۔۔۔ پھر وضاحت فرمائی، یہ وہ لوگ ہیں جو بری فال لیتے نہ دغواتے نہ منتر کراتے تھے۔یہ تو اپنے رب پر بھروسا کرتے تھے۔(رقم۵۷۵۲)طبری کا کہنا ہے ،ایسا توکل وہی کر سکتا ہے جس کا دل خوف سے خالی ہو اوروہ موذی درندوں اور جانی دشمنوں سے بھی نہ ڈرتا ہو۔ایک مومن کا یہی مقصود ہونا چاہیے تاہم اسباب کا سہارا لیناضروری امراور سنت نبویؐ ہے۔(فتح الباری)
علما کی اکثریت نے نظر بد کا بیان کرنے والی روایتوں کو من و عن قبول کیا ہے۔ مولانا امین احسن اصلاحی نے ’موطأ امام مالک ‘ پڑھاتے ہوئے یہ تبصرہ کیا،نظر بد بھی اعمال سفلیہ کی طرح کی ایک چیز ہے۔اس میں اتنی ہی تاثیر ہوتی ہے جتنی سحر میں ہوتی ہے ۔ موطأامام مالک کی دونوں روایتوں میں ایک بڑا فرق یہ ہے کہ پہلی روایت کے راوی محمد بن ابی اسامہ جب کہ دوسری محمد بن شہاب زہری سے مروی ہے۔پہلی روایت کے مطابق نبی صلی اﷲ علیہ وسلم نے عامرؓ بن ربیعہ کو وضو کرنے اور سہلؓ بن حنیف کے لیے برکت کی دعا کرنے کو کہاجس سے سہلؓ اچھے ہو گئے۔یہ بات قرین قیاس اور شریعت کے مزاج کے مطابق ہے ۔دوسری روایت میں ابن شہاب نے اس کو ایک ٹوٹکا بنا کر پیش کیا ہے ۔ان کے کہنے کے مطابق جس آدمی سے نظر بد لگی ہو اس کو نہلایا جائے۔تمام اعضا حتیٰ کہ زیرجامہ کے اعضا کو بھی دھو کر پانی ایک برتن میں جمع کیا جائے اور وہ تمام کا تمام مریض کے اوپر ڈالا جائے تو نظر بد کا اثر ختم ہو جائے گا اور مریض تندرست ہو جائے گا۔یہ سب اوہام ہیں،ان کو حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔زہری کے مقاصد میں یہ بات بھی رہی ہے کہ یہود کے اعمال سفلیہ کو اسلام میں گھسایا جائے۔ ایمان بالجبت (اعمال سفلیہ پر ایمان)یہود کی خصوصیت رہی ہے ۔ٹونے ٹوٹکے وغیرہ سب جبت کے قبیل میں سے ہیں۔ روایت میں (بیان کردہ) غسل کے طریقہ کے لیے شاہ ولی اﷲ نے بھی لکھا ہے کہ یہ ابن شہاب کی اپنی گرہ ہے۔ (تدبر حدیث) صحیح مسلم کی مندرجہ بالا روایت: ۵۷۵۳ میں یہ بھی ہے ،( نظر اتارنے کے لیے )’’اگر تمہیں غسل کرنے کو کہا جائے تو غسل کرو۔‘‘گویا نظر بد کاسبب بننے والے کو اس حکم کو لازمی ماننا ہو گا۔ابن حجر کا خیال ہے ، نظر بد دور کرنے کے لیے غسل کرنا عربوں کے ہاں پہلے سے مروج تھا۔ محمود نصار کہتے ہیں، ہم ’سنن ابن ماجہ‘ کی حدیث میں بیان کیے گئے نظر بد کو دور کرنے کے طریقہ کی وضاحت نہیں کر سکتے کیونکہ یہ ان امور میں سے ہے جو عقل سے ما ورا ہیں۔
بری نظرکا تصور ہر معاشرے میں رہا ہے۔ایرانی اسے زخم چشم(یا چشم بد) کا نام دیتے ہیں،عرب العین الحسود کہتے ہیں،انگریز evil eye اور اطالوی malocchio کے نام سے پکارتے ہیں۔ افلاطون کے مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے یونانی ادیب پلوٹارک (Plutarch)نے یہ نظریہ پیش کیا کہ حاسد کے اندرون سے ایسی شعاعیں نکلتی ہیں جوزہرآلود برچھیوں کی طرح دوسرے پر اثر کرتی ہیں۔اسکندر نے اپنی مہم جوئی کے دوران میں یہ اعتقاد مشرقی دنیا تک پہنچایا اور یورپی استعماری اسے امریکا لے گئے۔ حیرت ہے ،یہی بات ابن قیم نے فرّا کے حوالے سے لکھی اور کہا، نظر کے یہ تیر صرف ان لوگوں پر اثر نہیں کرتے جو متنبہ ہوتے ہیں اور انہوں نے روک کا کوئی بند وبست کر رکھا ہوتا ہے ۔انہوں نے نظرکی تاثیر ثابت کرنے کے لیے پرزور دلائل دیے اور ان لوگوں پر خوب برسے جو اس تاثیر کو نہیں مانتے۔ ابن قیم کے دلائل یہ ہیں،
ارواح کی تاثیر اتصال جسمانی کے علاوہ محض آمنے سامنے ہونے سے ،نظر کے ذریعے،دعاؤں اور تعویذوں سے یا وہم و خیال سے ہو سکتی ہے۔
ابو سعید خدریؓ فرماتے ہیں،رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم جنوں اور نظر لگنے سے پناہ مانگا کرتے تھے یہاں تک کہ معوّذتین نازل ہوئیں۔تب آپؐ ان سورتوں کا ورد کرتے اور باقی اذکار کو ترک فرما دیا۔ (ترمذی:۲۰۵۸)
جس طرح سانپ کی نظر سے انسان دہشت زدہ ہوجاتا ہے ،اسی طرح ایک انسان کی دوسرے انسان پر نظر بھی اثر رکھتی ہے۔ نبئ اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے منبر پر خطبہ دیتے ہوئے فرمایا،(عام)سانپوں ، دو دھاریاں رکھنے والے اور چھوٹی یا کٹی دم والے(خاص سانپوں) کو ماردوکیونکہ یہ نگاہ زائل کردیتے ہیں اورحمل گرا دیتے ہیں(بخاری: ۳۲۹۷)
وان یکاد الذین کفروالیزلقونک بابصارہم لما سمعوا الذکر۔اور یہ کافرجب قرآن کی یاد دہانیاں سنتے ہیں تو اس طرح آپؐکو دیکھتے ہیں گویا اپنی نگاہوں کے زور سے آپؐکو ڈگمگا دیں گے۔ (سورۂ قلم:۵۱) (زاد المعاد)
دنیا بھر میں یہ نظریہ عام ہو گیاتو بری نظر سے محفوظ رہنے کے لیے تمام مذاہب کے حاملین نے طرح طرح کے تعویذ گنڈ ے اورنظر پٹو تخلیق کیے۔ طب کی تیس سالہ پریکٹس کے دوران میں ہم نے یہی تجربہ کیا کہ نظر بد انہی لوگوں پر اثر کرتی ہے جو نفسیاتی طور پر مغلوب ہوتے ہیں۔کچھ لوگ خود پر ،اپنے بچوں یا دھن دولت پر اتراتے ہیں۔خود ستائی کے بعد وہ اس وسوسے میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ کہیں یہ مال و اولاد ان سے چھن نہ جائے پھر ہرآفت کو نظربد سے منسوب کر دیتے ہیں ۔گویا labile psyche(کمزور شخصیت) نظر لگنے کے عمل میں اہم کردار کرتی ہے۔جو لوگ عزم واعتماد اور مضبوط شخصیت رکھتے ہیں ،انہیں کوئی خاص اثر نہیں ہوتا۔
۱۶ ھ ؁ میں بیت المقدس کا محاصرہ طول کھینچ گیا تو شہر والے اس شرط پرہتھیا ر ڈالنے پر آمادہ ہوئے کہ خلیفۃ المسلمین عمرؓ بذات خود شہر کی کنجیاں وصول کریں اور معاہدۂ صلح پر خود دست خط کریں ۔ عمر فاروقؓ نے اہل رائے سے مشورہ کیا تو اکثریت نے ان کو خود جانے کا مشورہ دیا۔وہ مدینہ سے ایک لشکر لے کر روانہ ہوئے،مقدمۂ جیش پر عباسؓ بن عبدالمطلب کو مامور کیا، عثمانؓ بن عفان، عامرؓ بن ربیعہ،طلحہؓ بن عبیداﷲ،اسیدؓ بن حضیر،علقمہؓ بن مجزرلشکر میں شامل تھے ۔ عامرؓ نے امیر المومنینؓ کا پرچم اٹھا رکھا تھا۔شام کے شہر حوران کے قصبہ جابیہ پہنچے توعمرؓ نے اپنے کمانڈروںیزیدؓ بن ابوسفیانؓ، خالدؓ بن ولید اور ابوعبیدہؓ بن جراح سے صلاح مشورہ کیا ۔ جابیہ میں بیت المقدس کے لاٹ پادری صفرنیوس کے ایلچی ان سے معاہدۂ صلح کرنے آئے۔ جابیہ ہی میں حضرت عمرؓ نے اپنا مشہور خطبہ دیاجس میں اسلام کی بنیادی تعلیمات بتانے کے ساتھ تقدیر پر بحث کرنے سے سختی سے منع کر دیا۔ (ترمذی :۲۱۶۵ ،ابن ماجہ :۲۳۶۳،مسند احمد:۱۱۴)
خلیفۂ سوم عثمانؓحج پر روانہ ہوئے تو عامرؓ بن ربیعہ کو مدینہ کا قائم مقام حاکم مقرر کیا۔عہد عثمانیؓ کے اواخر میں فسادیوں نے حضرت عثمانؓ پر طعن زنی شروع کی۔عامرؓ کے بیٹے عبداﷲؓ روایت کرتے ہیں،اسی زمانہ میں ایک رات عامرؓ تہجد پڑھتے پڑھتے سو گئے۔خواب میں ایک شخص نے کہا،اٹھ کر اﷲ سے دعا مانگو کہ وہ تمہیں اس فتنہ میں پڑنے سے بچائے جس سے اس نے اپنے صالح بندوں کو محفوظ رکھا ہے۔بیدار ہوکر انہوں نے نوافل مکمل کیے،انہی الفاظ میں دعا مانگی اور بیمار پڑ کر گھر میں مقید ہو گئے ۔اسی بیماری میں انہوں نے وفات پائی اور ان کا جنازہ ہی گھر نکلا۔
۳۳ھ ؁ یا ۳۷ھ ؁ میں عامرؓ بن ربیعہ کا انتقال ہوا۔۳۱ھ ؁اور ۳۲ھ ؁کا سن بھی بیان کیا گیا ہے۔واقدی کا کہنا ہے، وہ حضرت عثمانؓ کی شہادت(۳۵ھ ؁) کے کچھ دن بعد فوت ہوئے۔اس زمانہ میں وہ گھرسے باہر نہ نکلتے تھے ۔جنازہ اٹھایا گیا تو ہی لوگوں کوان کی بیماری کاعلم ہوا۔ابن حجر نے ۳۷ھ ؁ او ر ذہبی نے ۳۵ھ ؁ کو درست سن وفات سمجھا ہے۔
ابو نعیم اصفہانی نے ان الفاظ میں عامرؓ بن ربیعہ کوخراج تحسین پیش کیا ہے،عامرؓ عطیات میں کوئی رغبت نہ رکھتے تھے ،وہ زمین ا ور جائیداد سے بے نیاز تھے۔انہوں نے ذکر الہٰی سے مساجد اور تمام مقامات کو آباد رکھا۔ فتنوں میں مبتلا نہ ہوئے اور پاک دامنی کی زندگی بسر کی۔عامرؓ کی بے نیازی اور ان کے غنا کی وضاحت کرنے کے لیے اصفہانی نے یہ روایات بیان کیں۔ ایک رئیس نے انہیں قطعۂ زمین دینا چاہا تو جواب دیا، مجھے تمہاری اراضی کی کوئی حاجت نہیں۔ آج ہی ایک سورت نازل ہوئی ہے جس نے ہمیں دنیا سے بے پروا کر دیا ہے۔اقترب للناس حسابہم وہم فی غفلۃ معرضون۔لوگوں کے حساب کا وقت قریب آ گیا ہے اور وہ غفلت میں منہ موڑے جا رہے ہیں۔ (سورۂ انبیا:۱) عامرؓ کے بیٹے عبداﷲؓ نے عامرؓ کی زبانی بتایا، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ہمیں کسی سریہ میں بھیجتے تو کھجوروں کے ایک تھیلے کے علاوہ کچھ نہ دیتے۔ امیر سریہ ہمیں ایک ایک مٹھی دے دیتا۔وقت گزرنے کے ساتھ کھجوروں کی تعداد کم ہوتی جاتی حتی کہ ایک وقت میں ایک کھجور پر گزار ا کرنا پڑتا۔ عبداﷲؓنے پوچھا،ایک کھجور سے کیا بنتا ہے؟یہ کم نہیں ہوتی ،بچے! عامرؓ نے جواب دیا۔ایسا بھی ہوتا کہ ہمارے پاس یہ ایک کھجور بھی نہ ہوتی ،اس لیے ہم اسی پر قناعت کرنے لگے۔(مسند احمد:۱۵۶۳۲)
عامرؓ بن ربیعہ نے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم ،ابوبکرؓاور عمرؓسے حدیث روایت کی ہے۔ان سے روایت کرنے والے ہیں،ان کے بیٹے عبداﷲؓ ،عبداﷲؓ بن عمرؓ،عبداﷲؓ بن زبیرؓاور ابوامامہؓ بن سہل۔عامرؓ بن ربیعہ کی بیان کردہ چندرو ایات:عامرؓ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپؐ اونٹنی پر بیٹھے سر کے اشارے سے نوافل پڑھ رہے تھے۔ جدھر کو سواری جاتی، آپؐ کا رخ ادھر ہی ہوتا۔ فرض نمازیں آپؐاس طرح ادا نہ فرماتے تھے۔(بخاری: ۱۰۹۷،مسند احمد:۱۵۶۳۵) دوسری روایت میں عامرؓ کہتے ہیں، اونٹنی کایہ سفر جس میں آپؐ نے کجاوے پر بیٹھ کر نوافل اد اکیے ، رات کے وقت ہوا۔ (بخاری: ۱۱۰۴،مسلم :۱۵۶۵)عامرؓ نے یہ فرمان نبوی ؐبھی روایت کیا ہے ’’تم میں سے کوئی جنازہ جاتا دیکھے اور اس کے ساتھ چل نہ سکتا ہو تو اپنی جگہ پر کھڑا ہو جائے اور اس وقت تک کھڑا رہے جب تک جنازہ آگے نہ گزر جائے۔‘‘ (بخاری: ۱۳۰۸،مسلم:۲۱۷۶) فرمان نبوی ؐ کا باقی حصہ عامرؓ ہی کی روایت کردہ اگلی روایت میں مذکور ہے، ’’جو جنازے کے ساتھ جائے،اس وقت تک نہ بیٹھے جب تک جنازہ زمین پر نہ رکھ دیا جائے۔‘‘ (بخاری:۱۳۱۰)

مطالعۂ مزید: السیرۃ النبوےۃ(ابن ہشام)، الطبقات الکبری(ابن سعد)،تاریخ الامم والملوک(طبری)، الجامع المسند الصحیح(بخاری،شرکۃ دارالارقم)، حلےۃ الاولیاء وطبقات الاصفیاء(ابونُعیم اصفہانی)،المنتظم فی تواریخ الملوک والامم (ابن جوزی)،الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب(ابن عبدالبر)، اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ (ابن اثیر)،الکامل فی التاریخ(ابن اثیر)، البداےۃ والنہاےۃ(ابن کثیر)،تاریخ الاسلام (ذہبی)، زاد المعاد(ابن قیم)،کتاب العبر ودیوان المبتداء والخبر(ابن خلدون)، الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ (ابن حجر)،حیاۃ الصحابۃ(محمد یوسف کاندھلوی)،تدبر حدیث،موطأامام مالک(امین احسن اصلاحی)، Evil eye(Wikipedia)

-----------------------------

 

بشکریہ ڈاکٹر وسیم مفتی

تحریر/اشاعت 15 نومبر 2013
مصنف : ڈاکٹر وسیم مفتی
Uploaded on : Sep 03, 2016
3488 View